چندی گڑھ، 25؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہریانہ میں ریزرویشن سمیت 6 مطالبات کو لے کر جاٹ برادری کا غیر معینہ دھرنا جاری ہے۔ہفتہ کو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت سبھی مقامات پر دھرنا شروع ہوا۔دھرنے کی جگہ پر 26؍فروری کو احتجاج کے نتیجہ کے طورپر منائے جانے والے یوم سیاہ کی تیاریاں چل رہی ہیں ، تمام اضلاع میں باقاعدہ اعلان ٹیم بنا کر جاٹ سماج کے لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مردوخواتین کو تحریک میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، اس دن جاٹ لیڈروں نے خواتین کو کالی چنری اور مردوں کو کالی پگڑی پہن کر آنے کو کہا ہے، جس سے کہ جاٹ ریزرویشن کو لے کر حکومت کے خلاف وہ اپنا علامتی احتجاج درج کرا سکیں۔اس کے ساتھ ہی دھرنے کی جگہ پر دہلی میں ہونے والے 2 ؍مارچ کے مظاہرے کو لے کر بھی تیاریاں چل رہی ہیں ، ایک ٹیم ہر ضلع سے جانے والی گاڑیوں کا رجسٹریشن کر رہی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو دہلی لے جایا جا سکے۔کئی ضلعوں میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کی تعداد جاٹ لیڈروں کے مطابق 500 سے تجاوز کر گئی ہے، وہیں دوسری طرف انتظامیہ کی طرف سے دھرنے کے سبھی مقامات سمیت اہم جگہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی انٹیلی جنس محکمہ کی طرف سے تحریک سے منسلک ہر سرگرمی کی رپورٹ اعلی افسران کو دی جا رہی ہے۔